تہران: ایرانی پاسداران انقلاب (IRGC) نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اردن اور کویت میں قائم امریکی عسکری ٹھکانوں پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے کارروائیاں کرتے ہوئے امریکی ایف-35 (F-35) جنگی طیارے اور فوجی ہیلی کاپٹرز تباہ کر دیے ہیں۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی ‘فارس’ کے مطابق پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے اردن کے ‘الازرق ایئربیس’ کے ڈیولپمنٹ ریمپ اور مینٹیننس ہینگر کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
پاسداران انقلاب کے بیان کے مطابق اس حملے کے نتیجے میں امریکہ کے 3 ایف-35 اسٹیلتھ جنگی طیارے مکمل تباہ جبکہ مزید 3 طیاروں کو شدید نقصان پہنچا ہے، اور متعدد امریکی فوجی اہلکار مارے گئے ہیں۔
پاسداران انقلاب نے ‘آپریشن نصر 2’ کے تسلسل کے تحت کویت میں قائم ‘علی السلیم ایئربیس’ کو بھی ڈرون اور میزائل حملوں کا نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کارروائی کے دوران 2 ڈرون ہینگرز، ایئرکرافٹ فیول ٹینک اور امریکی فوج کے متعدد ہیلی کاپٹرز تباہ ہو گئے۔
امریکی عسکری حکام نے پاسداران انقلاب کے ان تمام دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے اردن میں ایف-35 طیاروں کی تباہی کی تردید کی ہے۔
خلیج تعاون کونسل (GCC): جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جسیم محمد البداوی نے کویت اور اردن کی خودمختاری پر ایرانی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور خطے کے لیے خطرناک تصادم قرار دیا ہے۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی اور سلامتی کے دفاع میں ہر ممکن تعاون کا اعادہ کیا۔

