ہنگو: خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی دیار خان سمیت 10 پولیس اہلکار شہید اور 28 زخمی ہو گئے، جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی میں 15 دہشت گرد مارے گئے۔
ضلعی پولیس آفیسر (ڈی پی او) طارق حبیب کے مطابق دہشت گردوں نے رات کے اندھیرے میں چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔ چوکی میں موجود اہلکاروں کی مدد کے لیے جب اضافی نفری روانہ کی گئی تو پہلے سے گھات لگائے دہشت گردوں نے ان پر بھی حملہ کر دیا، جس سے آگے چلنے والی بکتر بند گاڑی (APC) کو شدید نقصان پہنچا۔
تمام تر چیلنجز کے باوجود پولیس کے افسران اور جوانوں نے نہایت دلیری اور پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ اس شدید اور طویل مقابلے کے دوران ڈی ایس پی سٹی دیار خان اور 9 دیگر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا، جبکہ ڈی ایس پی مجاہد حسین سمیت 28 اہلکار زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق پولیس کی مؤثر جوابی کارروائی میں 15 خوارج ہلاک اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ تمام شہداء کے لیے محکمہ پولیس کی جانب سے اعلٰی ترین تمغوں اور اعزازات کی سفارش کی جائے گی۔
آئی جی پی نے واضح کیا کہ کے پی پولیس کے حوصلے بلند ہیں اور صوبے کے کونے کونے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سوات اور پشاور میں بھی رات گئے دہشت گردوں کے بڑے حملوں کو ناکام بنایا گیا ہے، جبکہ ہنگو میں دہشت گردوں کے باقی ماندہ عناصر کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

