راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ٹارگٹڈ آپریشنز کرتے ہوئے 32 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق 28 اور 29 جولائی کی درمیانی شب ضلع خیبر میں خفیہ اطلاعات پر مختلف ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشت گرد مارے گئے۔
دوسری جانب، بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی انٹیلی جنس پر مبنی متعدد کارروائیوں کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) برآمد کر کے تباہ کر دیا۔
علاوہ ازیں، سوات کے علاقے مٹہ میں پولیس اور سی ٹی ڈی کے مشترکہ آپریشن میں 4 خارجی دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ اس کارروائی کے دوران ایلیٹ فورس کا جوان کانسٹیبل گلفام جامِ شہادت نوش کر گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم تمام دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان اور ‘عزمِ استحکام’ کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔

