راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بارود سے بھری دو گاڑیاں تباہ کر دیں اور بھارتی سرپرستی میں سرگرم 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 30 جولائی کو خفیہ اطلاع ملنے پر آپریشن کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی بارودی مواد سے بھری دو گاڑیوں کا بروقت سراغ لگایا اور فوراً کارروائی کرتے ہوئے انہیں تباہ کر دیا، جس سے ایک بڑی دہشت گردانہ کارروائی ناکام بنا دی گئی۔
کارروائی میں ان گاڑیوں کو آپریٹ کرنے والے 4 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد موقع پر ہی مارے گئے۔ فی الوقت علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیت اور بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
آئی ایس پی آر نے اعادہ کیا کہ نیشنل ایکشن پلان اور ‘عزمِ استحکام’ کے وژن کے تحت بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل کارروائیاں جاری رہیں گی۔

