اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک میں فائیو جی سروس کے باضابطہ آغاز کے ساتھ تین بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کو اسپیکٹرم لائسنس جاری کر دیے ہیں، جس کے بعد تیز رفتار انٹرنیٹ اور جدید ڈیجیٹل سہولیات کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق زونگ، جاز اور یوفون کو فائیو جی لائسنس جاری کیے گئے ہیں، جبکہ لائسنس کے اجرا کے بعد یہ کمپنیاں مرحلہ وار ملک بھر میں سروس فراہم کریں گی۔ ابتدائی مرحلے میں لاہور، کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ اور پشاور کے اہم علاقوں میں یہ سہولت متعارف کرائی جائے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی شفاف انداز میں مکمل کی گئی اور یہ اقدام جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کو ملک کے ہر کونے، دیہات اور دور دراز علاقوں تک پہنچایا جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فائیو جی کے نفاذ سے صنعت، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئے گی اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل معیشت میں آگے بڑھنے کے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے قانونی رکاوٹوں کو کامیابی سے حل کرنے پر متعلقہ ٹیم کو مبارکباد بھی دی۔
پی ٹی اے حکام کے مطابق اسپیکٹرم کی نیلامی کے دوران 480 میگا ہرٹز بینڈ الاٹ کیا گیا، جس سے پاکستان خطے میں ٹیکنالوجی کی استعداد کے لحاظ سے نمایاں مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیلی کام کمپنیاں موبائل ساز کمپنیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، اور صارفین کو جلد ہی اپنے موبائل فونز پر سافٹ ویئر اپڈیٹس موصول ہوں گی تاکہ وہ فائیو جی سروس سے فائدہ اٹھا سکیں۔

