سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبری، عید سے قبل تنخواہیں جاری ہوں گی

وزیراعظم شہباز شریف نے عیدالفطر سے قبل وفاقی سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے مطابق یہ اقدام عید کے موقع پر سرکاری ملازمین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر وفاقی سرکاری ملازمین کو عیدالفطر کی چھٹیوں سے پہلے تنخواہ جاری کی جائے گی۔ اس سلسلے میں وفاقی سرکاری محکموں کو باقاعدہ ہدایات موصول ہو چکی ہیں۔

وزیراعظم کی ہدایات کے بعد متعلقہ اداروں نے تنخواہیں عید سے پہلے جاری کرنے کے لیے انتظامی کارروائی شروع کر دی ہے تاکہ ملازمین کو عید کی تیاریوں کے لیے بروقت مالی سہولت فراہم کی جا سکے۔

دوسری جانب کابینہ ڈویژن کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر سرکاری تعطیلات کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 20 مارچ اور 21 مارچ کو عیدالفطر کی سرکاری چھٹیاں ہوں گی۔

کابینہ ڈویژن کے مطابق ان تعطیلات کا اطلاق پانچ روزہ اور چھ روزہ ہفتہ وار نظام کار والے تمام سرکاری دفاتر پر ہوگا۔