اسلام آباد: شہباز شریف نے خلیجی ممالک کو درکار اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے اور ان کے غذائی تحفظ کا خیال رکھنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت لاہور میں اجلاس ہوا جس میں خطے کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر ملک میں غذائی صورتحال اور وافر اشیائے خورونوش کی برآمدات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو ملک میں موجود خوراک کے ذخائر اور پیداوار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں اشیائے خورونوش کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور کسی قسم کی قلت نہیں۔ حکام کے مطابق ملک میں زرعی اجناس، گوشت، پولٹری، ڈیری مصنوعات اور سی فوڈ کی برآمد کی وسیع استعداد موجود ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملکی غذائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اشیائے خورونوش کی طلب و رسد کی مکمل نگرانی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سپلائی چینز متاثر ہونے کے باعث خطے میں پاکستانی مصنوعات کی برآمد کے مواقع بڑھ گئے ہیں، اس صورتحال میں خلیجی ممالک کو درکار خوراک کی فراہمی اور ان کے غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اضافی اشیائے خورونوش کی خلیجی ممالک میں برآمد کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جائے اور برآمدات کے دوران اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو ہدایت دی کہ بحری راستے کے ذریعے خلیجی ممالک کو اشیائے خورونوش کی برآمد کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم نے صورتحال کی مسلسل نگرانی کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی جو روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لے گی، جبکہ خلیجی ممالک میں تعینات پاکستانی سفیروں اور ٹریڈ افسران کو بھی متحرک رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

