ٹرمپ نے ایران کا افزودہ یورینیم روس منتقل کرنے کی پیوٹن کی پیشکش مسترد کردی

واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے افزودہ یورینیم کو روس منتقل کرنے کی ولادیمیر پیوٹن کی پیشکش مسترد کردی۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایران کے افزودہ یورینیم کو روس منتقل کرنے کی تجویز دی تھی اور یہ پیشکش تہران کے ساتھ ممکنہ جنگ بندی معاہدے کے حصے کے طور پر سامنے آئی تھی۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خطے میں حالیہ کشیدگی کے تناظر میں رواں ہفتے روسی اور امریکی صدور کے درمیان رابطہ ہوا جس میں ٹیلیفونک گفتگو کے دوران روسی صدر نے یہ تجویز پیش کی۔

امریکی میڈیا کے مطابق ولادیمیر پیوٹن نے گفتگو کے دوران کہا کہ ایران کا افزودہ یورینیم روس منتقل کیا جا سکتا ہے تاکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے کسی ممکنہ معاہدے کی راہ ہموار ہو سکے۔

تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس پیشکش کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔ رپورٹ کے مطابق روس کی جانب سے ایران کے افزودہ یورینیم کو اپنے ملک منتقل کرنے کی تجویز اس سے پہلے بھی دی جا چکی ہے لیکن امریکا نے اسے قبول نہیں کیا۔