58 ممالک کے 37 فیصد شہریوں نے مودی کو ناپسندیدہ قرار دے دیا

نئی دہلی: عالمی سروے میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی بین الاقوامی مقبولیت کے دعوؤں پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔

گیلپ انٹرنیشنل کی جانب سے جاری کردہ تازہ سروے کے مطابق 58 ممالک کے شہریوں کی آراء لی گئیں جن میں 37 فیصد افراد نے نریندر مودی کو ناپسندیدہ قرار دیا جبکہ 38 فیصد افراد نے کہا کہ وہ بھارتی وزیر اعظم کو پہچانتے ہی نہیں یا ان کے بارے میں کچھ نہیں جانتے۔

سروے کے مطابق 2019 کے مقابلے میں نریندر مودی کو ناپسند کرنے والوں کی مجموعی شرح میں 9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی کوریا میں 73 فیصد افراد نے مودی کے بارے میں منفی رائے دی جبکہ ایران میں 64 فیصد، عراق میں 62 فیصد اور شام میں 60 فیصد شہریوں نے بھی بھارتی وزیر اعظم کے بارے میں ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

پاکستان میں بھی 53 فیصد افراد نے نریندر مودی کو ناپسندیدہ قرار دیا۔

دوسری جانب سروے کے مطابق بھارت میں نریندر مودی کو سب سے زیادہ حمایت حاصل ہے جہاں 82 فیصد بھارتی شہریوں نے انہیں پسندیدہ قرار دیا۔

ماہرین کے مطابق اس سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کی عالمی سطح پر پہچان اور مقبولیت مختلف ممالک میں نمایاں طور پر مختلف ہے۔