آپریشن غضب للحق: پاکستان کی جوابی کارروائی میں 415 افغان طالبان ہلاک، 182 چیک پوسٹیں تباہ

افغانستان سے دہشت گردی اور بلااشتعال جارحیت کے جواب میں پاکستان کا آپریشن غضب للحق کئی روز سے جاری ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے تازہ بیان میں آپریشن کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی افواج کی مؤثر کارروائیوں میں 415 افغان طالبان ہلاک اور 580 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

وزیر اطلاعات کے مطابق افغان طالبان رجیم کی 182 چیک پوسٹیں تباہ کی گئیں جبکہ 31 پوسٹوں پر قبضہ کر لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران افغان طالبان کے 185 ٹینک، اسلحہ بردار گاڑیاں اور آرٹلری گنز بھی تباہ کر دی گئیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ افغانستان کے اندر 46 مقامات پر مؤثر فضائی کارروائیاں کی گئیں جن میں اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کے مطابق آپریشن کا مقصد سرحد پار دہشت گردی کا خاتمہ اور ملکی خودمختاری کا تحفظ ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع اور قومی سلامتی کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہا ہے اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک خطرات کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔