پاکستان کے مختلف نجی ٹی وی چینلز اور ویب سائٹس سائبر حملوں کا نشانہ بن گئے، جس کے باعث بعض نشریاتی اداروں کی ٹرانسمیشن عارضی طور پر متاثر ہوئی۔ ذرائع کے مطابق دشمن ملک کی جانب سے کیے گئے سائبر حملوں میں متعدد ویب سائٹس اور نشریاتی سسٹمز کو ہدف بنایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق بعض نجی ٹی وی چینلز کے سسٹمز کو ہیک کرنے کی کوشش کی گئی جبکہ چند ویب سائٹس کو عارضی طور پر متاثر کیا گیا۔ بعض مقامات پر سیٹلائٹ فریکوئنسی کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی جس کے نتیجے میں نشریات میں تعطل پیدا ہوا۔
نجی چینل نے اپنے ناظرین کو آگاہ کیا ہے کہ اسے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہیک کرنے اور نشریات میں خلل ڈالنے کی کوشش کی گئی۔ اتوار کی رات 9 بجے کے بلیٹن کے دوران سیٹلائٹ بیم کو ہیک کر کے اسکرین پر نامناسب پیغام نشر کیا گیا۔ ادارے نے واضح کیا کہ اس پیغام کا چینل سے کوئی تعلق نہیں اور متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کی درخواست کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم اور نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ نیشنل سرٹ کے مطابق دو سے تین انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے اداروں کی اسٹریمز بھی متاثر ہوئیں۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ نشریاتی نظام کی مکمل بحالی اور سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ سیکیورٹی ادارے اور سائبر ماہرین حملوں کی نوعیت اور ذمہ دار عناصر کا تعین کرنے میں مصروف ہیں۔
ماہرین کے مطابق خطے میں کشیدہ صورتحال کے دوران سائبر حملوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے اداروں کو اپنے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے مزید مؤثر حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

