کویت کی وزارت دفاع اور امریکی سینٹرل کمانڈ نے تصدیق کی ہے کہ کویت میں 3 امریکی ایف 15 لڑاکا طیارے گر کر تباہ ہوگئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ فرینڈلی فائر کا نتیجہ تھا جب کویتی فضائی دفاعی نظام نے غلطی سے امریکی طیاروں کو نشانہ بنایا۔
وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق تمام طیاروں کا عملہ محفوظ رہا۔ مجموعی طور پر 6 اہلکار متاثر ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی اور اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا طبی معائنہ مکمل کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے ایک عہدیدار نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ طیاروں کا عملہ بروقت ایجیکٹ کرنے میں کامیاب رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعہ ایران کے خلاف جاری آپریشن کے دوران پیش آیا اور اس کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فضائی دفاع نے ملکی حدود کی خلاف ورزی پر ایک امریکی ایف 15 لڑاکا طیارہ مار گرایا جو بعد ازاں کویت میں گر کر تباہ ہوا۔ ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
قبل ازیں روسی میڈیا نے بھی کویت میں امریکی ایف 15 طیارہ گرنے کی خبر دی تھی اور بتایا تھا کہ پائلٹ بحفاظت ایجیکٹ کرنے میں کامیاب رہا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں ایک لڑاکا طیارے کو آگ کے شعلوں میں گھرا ہوا زمین کی جانب گرتے دیکھا گیا، تاہم سرکاری سطح پر ویڈیو کی تصدیق نہیں کی گئی۔
حکام کے مطابق واقعے کے بعد خطے میں سکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں تاکہ طیاروں کے گرنے کی اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔

