آپریشن وعدۂ صادق 4: ایران کی 14 امریکی اڈوں پر میزائل اور ڈرون کارروائیاں جاری

ایران کی پاسدارانِ انقلاب اسلامی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے جواب میں خطے میں موجود امریکا کے 14 فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں امریکی فوجی ہلاک ہوئے۔

پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان کے مطابق ایرانی افواج کا طاقتور آپریشن ’’وعدۂ صادق 4‘‘ بھرپور قوت سے جاری رہے گا اور امریکی اڈوں پر حملوں میں مزید شدت لائی جائے گی۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق بحرین، قطر اور متحدہ عرب امارات میں موجود امریکی تنصیبات کے ساتھ ساتھ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اہداف کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی حکام نے بحرین میں تعینات امریکی بحریہ کے ففتھ فلیٹ کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے، جبکہ کہا گیا ہے کہ میزائل اور ڈرون حملے آئندہ بھی جاری رہیں گے۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان نے ایرانی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 200 امریکی فوجیوں کی ہلاکت اور امریکی بحری جہاز کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات درست نہیں ہیں۔

ادھر اسرائیلی فوج اسرائیلی دفاعی افواج کے مطابق ایران کی جانب سے تقریباً 150 بیلسٹک میزائل اور درجنوں ڈرون داغے گئے، جن میں سے بیشتر کو فضائی دفاعی نظام نے فضا ہی میں تباہ کردیا۔ مختلف شہروں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے اور شہریوں کو پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔

یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران میں متعدد مقامات پر حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی انتہائی سطح تک پہنچ چکی ہے، جبکہ ایران نے اپنی جوابی کارروائی کو ’’آپریشن وعدۂ صادق 4‘‘ کا نام دیا ہے۔