مشرقِ وسطیٰ کشیدگی: پاکستان کی ایران پر بلاجواز حملوں کی مذمت

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کا کہنا ہے کہ پاکستان اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف بلاجواز حملوں کی مذمت کرتا ہے۔ یہ کارروائیاں ایسے وقت کی گئیں جب پُرامن اور مذاکراتی حل کیلئے سفارتی کوششیں جاری تھیں، جو خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

پاکستان نے برادر ممالک سعودی عرب، بحرین، اردن، کویت، قطر اور متحدہ عرب امارات پر حملوں کی بھی مذمت کرتے ہوئے ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان نے زیادہ سے زیادہ تحمل اور ضبط کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خلیجی ریاستوں کی خودمختاری کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے۔

بیان میں متحدہ عرب امارات میں حملے کے دوران ایک پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے پر افسوس اور مذمت کا اظہار بھی کیا گیا۔ پاکستان نے تمام فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مزید کشیدگی سے گریز کریں، بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کی پاسداری کریں اور بحران کے پُرامن، مذاکراتی حل کو ترجیح دیں۔

دوسری طرف، حکومتِ پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتِ حال کے پیشِ نظر شہریوں کو ایران کے غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت جاری کردی ہے، جبکہ ایران کے خلاف بلاجواز حملوں کی مذمت کرتے ہوئے فریقین پر سفارت کاری کی جانب واپسی پر زور دیا ہے۔

دفتر خارجہ پاکستان کے اعلامیے کے مطابق پاکستانی شہری غیر ضروری طور پر ایران کا سفر مؤخر کریں۔ ایران میں مقیم پاکستانی محتاط رہیں، غیر ضروری نقل و حرکت محدود رکھیں اور قریبی پاکستانی مشن سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ ہنگامی صورتِ حال میں فوری رابطے کیلئے تہران میں پاکستانی سفارتخانے اور زاہدان و مشہد میں قونصلر نمبرز جاری کیے گئے ہیں، جبکہ سفارتی مشنز ہر وقت معاونت کیلئے دستیاب ہیں۔