آپریشن غضب للحق: افغان طالبان رجیم کے 352 اہلکار ہلاک، 171 ٹینک و بکتر بند گاڑیاں، 130 چیک پوسٹیں تباہ اور 26 پر قبضہ، وزیر اطلاعات

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے آپریشن غضب للحق کی تازہ ترین تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارروائیوں میں افغان طالبان رجیم کے 352 اہلکار ہلاک جبکہ 535 زخمی ہوئے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں بتایا کہ پاکستان نے دشمن کی 130 چیک پوسٹیں تباہ کردی ہیں جبکہ 26 چیک پوسٹوں پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا گیا ہے۔ ان کے مطابق جوابی کارروائیوں میں 171 ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں تباہ کی گئیں اور افغانستان میں 41 مختلف لوکیشنز کو مؤثر طور پر نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو روز کے دوران دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے اور آپریشن اپنے اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔

اس سے قبل جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا تھا کہ 28 فروری صبح 9 بجے تک کی کارروائیوں میں 331 اہلکار ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوئے تھے، 104 چیک پوسٹیں تباہ جبکہ 22 پر کنٹرول حاصل کیا گیا تھا اور 163 ٹینک و مسلح گاڑیاں تباہ کی گئی تھیں۔

وزیر اطلاعات کے مطابق تازہ کارروائیوں کے بعد مجموعی نقصانات میں مزید اضافہ ہوا ہے اور پاکستان کی مسلح افواج پوری تیاری کے ساتھ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔