قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہمارا فرض ہے، سہیل آفریدی

پشاور: سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی اور اشتعال انگیزی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی سرحدی علاقوں کی سلامتی پر سمجھوتہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے بیرونی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ پاک افغان کشیدگی کے تناظر میں متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں اور صورتحال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔ سرحدی اضلاع کے عوام کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں کے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور عوامی خدشات سے مکمل آگاہ ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امن و استحکام کیلئے ذمہ دارانہ طرز عمل ناگزیر ہے۔