ہمارا صبر ختم، اب کھلی جنگ ہوگی، بھارت کی پراکسی اور افغان جارحیت کا فیصلہ کن جواب دے رہے ہیں، خواجہ آصف
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہماری بہادر افواج اس وقت بھارت کی پراکسی اور افغان جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں، انشا ء اللہ شکست دشمن کا مقدر بنے گی۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نیٹو افواج کے انخلا کے بعد توقع کی جا رہی تھی کہ افغانستان میں امن قائم ہوگا اور طالبان افغان عوام کے مفادات اور خطے میں استحکام پر توجہ دیں گے، مگر طالبان نے افغانستان کو بھارت کی کالونی بنا دیا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ طالبان نے دنیا بھر کے دہشت گردوں کو افغانستان میں اکٹھا کیا اور دہشت گردی کو ایکسپورٹ کرنا شروع کر دیا۔ اپنی عوام کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھا اور خواتین کو وہ حقوق بھی نہیں دیے جو اسلام فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے براہ راست اور دوست ممالک کے ذریعے حالات معمول پر رکھنے کی بھرپور کوششیں کیں اور سفارت کاری کا راستہ اپنایا، مگر طالبان بھارت کی پراکسی بن گئے۔ آج جب پاکستان کو جارحیت کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تو ہماری افواج نے فیصلہ کن جواب دیا۔
نیٹو کی افواج کے انخلاء کے بعد یہ توقع کی جاتی تھی کہ افغانستان میں امن ھو گا اور طالبان افغانُ عوام کے مفادات اور علاقہ میں امن پہ توجہ مرکوز کریںُ گے۔مگر طالبان نے افغانستان کو ھندوستان کی کالونی بنا دیا۔ ساری دنیا کے دھشت گردوں کا افغانستان میں اکٹھا کر لیا اور دھشت گردی کو…
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) February 26, 2026
وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کی فوج سمندر پار سے نہیں آئی، ہم تمہارے ہمسائے ہیں اور تمہاری اوقات جانتے ہیں۔ ہمارا صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، اب ہماری تمہاری کھلی جنگ ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان نے گزشتہ 50 سال کے دوران 50 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کی اور آج بھی لاکھوں افغان شہری پاکستان میں روزگار حاصل کر رہے ہیں۔

