راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 18 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 24 فروری کو ژوب میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس میں 8 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 25 فروری کو اسی سلسلے میں ایک جامع کلیئرنس اور ایریا سینیٹائزیشن آپریشن کیا گیا جس کے دوران مزید 10 خوارج ہلاک کیے گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ فورسز نے مختلف راستوں پر دہشتگردوں کی نقل و حرکت کو ٹریس کرتے ہوئے ان کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
کارروائی کے دوران ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والے عناصر علاقے میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں موجود کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا اور قومی سطح پر انسداد دہشتگردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری ہے۔

