پاکستانی اسکلڈ لیبر کیلئے اٹلی کے دروازے کھل گئے، 10 ہزار 500 ہنرمندوں کیلئے ورک ویزوں کا اعلان

روم: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے دورہ اٹلی کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں اٹلی نے پاکستان کی اسکلڈ لیبر فورس کیلئے 10 ہزار 500 ورک ویزے جاری کرنے اور پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزے سے استثنا دینے کا اعلان کردیا۔

روم میں ہونے والی ملاقات میں محسن نقوی نے اپنے اطالوی ہم منصب میٹیو پینٹے ڈوسی سے تفصیلی گفتگو کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان داخلی سیکیورٹی تعاون، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور لیگل مائیگریشن کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اطالوی وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ لیگل مائیگریشن کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کی اسکلڈ لیبر فورس کیلئے 10 ہزار 500 ورک ویزے جاری کیے جائیں گے اور اس حوالے سے باہمی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔

محسن نقوی نے اطالوی حکام کو آگاہ کیا کہ ائیرپورٹس اور سمندری سرحدوں پر سخت نگرانی کے باعث غیر قانونی امیگریشن میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے انسانی اسمگلنگ اور منشیات کے خلاف پاکستان کے مؤثر اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔

اطالوی وزیر داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور انسدادِ منشیات کے حوالے سے پاکستان کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

اس موقع پر اٹلی میں پاکستان کے سفیر علی جاوید، ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، ایم ڈی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون کے نئے مرحلے کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔