باجوڑ میں گشت پر مامور پولیس پر حملہ، 4 اہلکار شہید

باجوڑ: خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل خار میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ علاقے نوی کلی میں اس وقت پیش آیا جب ابابیل اسکواڈ رمضان المبارک کے دوران معمول کے گشت پر مامور تھا۔ ایس ایچ او گل زادہ کے مطابق نامعلوم افراد نے اچانک فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4 اہلکار موقع پر شہید ہوگئے جبکہ 2 شدید زخمی ہوئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال خار منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

دوسری جانب شہدا کی نماز جنازہ پولیس لائنز باجوڑ میں ادا کردی گئی جس میں اعلیٰ پولیس اور سول حکام نے شرکت کی اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔