سفارتکاری اولین ترجیح، مگر طاقت کا آپشن موجود ہے، فیصلہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کریں گے: وائٹ ہاؤس

وائٹ ہاؤس نے ایران کے معاملے پر امریکی مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پہلی ترجیح ہمیشہ سفارتکاری رہی ہے، تاہم ضرورت پڑنے پر وہ طاقت کے استعمال سے گریز نہیں کریں گے۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایران کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرنے کا اختیار صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس ہے اور وہی اس بارے میں آخری فیصلہ کریں گے۔

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مارکو روبیو آج کانگریس کی اہم قیادت کو ایران سے متعلق صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔

رائٹرز نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مارکو روبیو قانون سازوں کو ایران کے حوالے سے تازہ پیش رفت سے آگاہ کریں گے۔

اس سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 19 فروری کو ایران کو معاہدہ کرنے کے لیے 10 سے 15 دن کی مہلت دی تھی۔

توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کانگریس سے خطاب کے دوران ایران کے جوہری پروگرام اور ممکنہ فوجی کارروائی سے متعلق اپنا مؤقف بھی پیش کریں گے۔