امیر قطر نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی

وزیراعظم شہباز شریف نے دوحہ کے سرکاری دورے کے دوران قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی شراکت داری اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

امیر قطر نے اقتصادی شراکت داری کو اعلیٰ اسٹریٹجک سطح تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ میں دلچسپی ظاہر کی۔ وزیراعظم نے امیر قطر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا، یہ دورہ رواں سال متوقع ہے۔

وزیراعظم نے قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں تجارت، توانائی، دفاع، افرادی قوت اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے مشترکہ ٹاسک فورس کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے اعلیٰ سطحی فیصلوں پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔

علاقائی امور پر گفتگو میں غزہ کی صورتحال، خلیج کی سلامتی، ایران اور افغانستان کی موجودہ پیش رفت شامل رہی۔ دونوں رہنماؤں نے مذاکرات، سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے قطر کے نائب وزیراعظم و وزیر مملکت دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن بن علی الثانی سے بھی ملاقات کی جس میں دفاع اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ مسلح افواج کے درمیان روابط اور مشترکہ مفادات کے تحفظ پر بھی بات چیت ہوئی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم نے قطر کے وزیر مملکت برائے بیرونی تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید سے ملاقات کی، جہاں دوطرفہ تجارتی حجم بڑھانے، پاکستانی برآمدات خصوصاً زرعی اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کو متنوع بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے رمضان کے دوران مشترکہ ٹاسک فورس اجلاس بلانے پر اتفاق کیا۔

دوحہ میں وزیراعظم سے قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے وفد نے بھی ملاقات کی جس میں انفراسٹرکچر، توانائی، لاجسٹکس، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع زیر بحث آئے۔ قطری سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

اعلامیے کے مطابق یہ ملاقاتیں پاکستان اور قطر کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور سیاسی تعلقات کو ٹھوس اقتصادی نتائج میں تبدیل کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاس ہیں۔