ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، 4 خارجی ہلاک

ڈی آئی خان: سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 4 خارجی ہلاک کر دیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی جہاں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے عناصر کی موجودگی کی اطلاع تھی۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خارجیوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 خارجی مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک عناصر علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔

علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ قومی ایکشن پلان اور عزم استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔

سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔