پشین میں سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے بڑا سانحہ ٹل گیا، 5 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع پشین میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔

ذرائع کے مطابق دہشت گرد پولیس لائن اور کیڈٹ کالج پر حملے کی تیاری کر رہے تھے۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، دھماکا خیز مواد، دستی بم اور اہم مقامات کے نقشے برآمد کر لیے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پشین کیڈٹ کالج کے قریب ایک مکان میں دہشت گرد چھپے ہوئے تھے۔ جیسے ہی سکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کیا، دہشت گردوں نے شدید فائرنگ کی، جس کا جواب فورسز نے مؤثر انداز میں دیا۔ جھڑپ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔

آپریشن کے بعد مکان کی تلاشی لی گئی تو وہاں سے جدید اسلحہ، دستی بم اور اہم مقامات کے نقشے بھی برآمد ہوئے جو دہشت گردوں کے مذموم منصوبوں کی تصدیق کر رہے تھے۔ ہلاک دہشت گرد پچھلے متعدد حملوں میں ملوث تھے، اور ان کی ہلاکت کے بعد علاقے میں امن و امان بہتر ہونے کی توقع ہے۔

سیکیورٹی فورسز کے کسی اہلکار کو کوئی جانی نقصان نہیں پہنچا۔ بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے فورسز کی بہادری اور بروقت کارروائی کی تعریف کی اور عوام سے اپیل کی کہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری سیکیورٹی اداروں کو دیں۔

سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا ہے تاکہ کوئی باقی ماندہ عناصر گرفتار کیے جا سکیں۔