واشنگٹن: ایران کے گرد امریکی فوجی اور بحری طاقت کے بڑے جوہر کے باوجود ایران کی جانب سے ہتھیار نہ ڈالنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مایوس دکھائی دیتے ہیں۔
امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ صدر ٹرمپ نے ان سے استفسار کیا کہ اتنے دباؤ اور خطے میں امریکی بحری طاقت کی موجودگی کے باوجود ایران ہتھیار ڈالنے کا اعلان کیوں نہیں کر رہا۔
اسٹیو وٹکوف کے مطابق صدر ٹرمپ نے مزید پوچھا کہ ایران یہ کیوں نہیں کہتا کہ اسے ہتھیار نہیں چاہئیں، حالانکہ امریکا مشرق وسطیٰ میں اپنی عسکری موجودگی بڑھا چکا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دو ادوار ہو چکے ہیں، تاہم اب تک کوئی مثبت پیشرفت سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب امریکی افواج مشرق وسطیٰ میں اپنی فوجی اور بحری طاقت مزید بڑھا رہی ہیں اور ایک اور امریکی طیارہ بردار جہاز بھی ایران کی جانب بڑھ رہا ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود سفارتی راستہ مکمل طور پر بند نہیں ہوا، تاہم دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کا فقدان برقرار ہے۔

