بھارتی جنگی طیارہ تیجس تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ

نئی دہلی: بھارتی فضائیہ کا ایک اور جنگی طیارہ تیجس تربیتی مشن کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، جس میں پائلٹ محفوظ رہا۔ حادثہ تربیتی پرواز کے دوران پیش آیا، طیارہ کنٹرول سے باہر ہو گیا اور زمین پر گرنے کے بعد آگ لگ گئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے میں سوار پائلٹ نے بروقت ایجیکٹ کر کے اپنی جان بچا لی۔ بھارتی فضائیہ نے حادثے کی تحقیقات کے لیے کورٹ آف انکوائری قائم کر دی ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔

ماہرین کے مطابق تکنیکی خرابی حادثے کی ممکنہ وجہ ہے، تاہم حتمی نتائج تفصیلی تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گے۔ یہ تیجس کا تیسرا حادثہ ہے، پہلا حادثہ جیسلمیر میں مارچ 2024 میں ہوا، دوسرا گزشتہ سال دبئی ایئر شو میں پیش آیا۔

تیجس بھارتی فضائیہ کا ایک جدید لڑاکا طیارہ ہے، جو جدید ٹیکنالوجی سے لیس اور مختلف دفاعی مقاصد کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ بھارتی فضائیہ نے تیجس کے 180 ایڈوانس ورژن کے طیاروں کا آرڈر دے رکھا ہے۔