بقایاجات کی عدم ادائیگی: بھارتی ایئر لائن کیلئے بنگلہ دیشی فضائی حدود بند

بنگلہ دیش نے بھارتی نجی ایئرلائن اسپائس جیٹ کو 19 فروری 2026 سے اپنی فضائی حدود اور ایئرپورٹس کے استعمال سے روک دیا ہے۔

بنگلادیش کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ایئرلائن پر نیویگیشن، لینڈنگ، پارکنگ اور دیگر ہوائی اڈہ چارجز کی مد میں تقریباً 42 کروڑ بھارتی روپے (پانچ ملین ڈالر سے زائد) واجب الادا تھے، جو طویل عرصے سے ادا نہیں کیے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ بقایا جات کی مکمل ادائیگی تک پابندی برقرار رہے گی اور ایئرلائن کی پروازیں نہ تو بنگلادیشی فضائی حدود استعمال کر سکیں گی اور نہ ہی کسی مقامی ایئرپورٹ پر لینڈ کر پائیں گی۔

پابندی کے باعث کولکتہ سے گوہاٹی اور ایمفال جیسے شمال مشرقی بھارتی شہروں کے لیے پروازوں کو متبادل اور طویل راستے اختیار کرنا پڑ رہے ہیں، جس سے ایندھن کے استعمال اور آپریشنل اخراجات میں اضافے کا امکان ہے۔

مالی دباؤ کے تناظر میں کمپنی کی حالیہ سہ ماہی رپورٹ (دسمبر 2025 پر اختتام) میں 269.27 کروڑ روپے خسارہ ظاہر کیا گیا تھا۔ مبصرین کے مطابق اس فیصلے کے خطے میں فضائی آپریشنز اور دوطرفہ روابط پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔