بین الاقوامی سروے ادارے گیلپ انٹرنیشنل کی تازہ رپورٹ کے مطابق امریکا اور یورپ سمیت 58 ممالک کے 61 فیصد شہریوں نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے بارے میں منفی رائے کا اظہار کیا ہے، جب کہ 2019 کے مقابلے میں مجموعی ناپسندیدگی کی شرح میں 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سروے کے نتائج عالمی رائے عامہ میں نمایاں تبدیلی کی عکاسی کرتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایران میں 98 فیصد شہریوں نے نیتن یاہو کو سب سے زیادہ ناپسندیدہ قرار دیا، جبکہ یورپی ممالک میں بھی ان کے خلاف منفی رائے نمایاں رہی۔
برطانیہ میں 52 فیصد اور امریکا میں 42 فیصد افراد نے اسرائیلی وزیراعظم کے لیے کھل کر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔
پاکستان میں 49 فیصد شرکا نے انہیں ناپسندیدہ ترین شخصیت قرار دیا۔ اس کے برعکس آذربائیجان اور کینیا میں 58 فیصد جبکہ بھارت میں 50 فیصد افراد نے نیتن یاہو کے حق میں رائے دی۔
سروے میں متعدد شرکا نے فلسطینیوں کے خلاف جاری کارروائیوں اور غزہ کی صورتحال پر اسرائیلی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا، جسے عالمی سطح پر مقبولیت میں کمی کی بڑی وجوہات میں شمار کیا جا رہا ہے۔

