جیفری ایپسٹین سے مبینہ روابط، پرنس اینڈریو گرفتار

لندن میں برطانوی شاہی خاندان کے رکن پرنس اینڈریو ماؤنٹ بیٹن کو سرکاری عہدے کے مبینہ غلط استعمال کے شبے میں حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتاری کے بعد باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق انہیں ان کی رہائش گاہ سے تحویل میں لیا گیا اور مختلف مقامات پر تلاشی بھی کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں گی اور مناسب وقت پر مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

پرنس اینڈریو پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے عہدے کے دوران حساس سرکاری معلومات بدنام زمانہ امریکی مجرم جیفری ایپسٹین کو فراہم کیں۔ پولیس اس پہلو کا جائزہ لے رہی ہے کہ آیا بطور تجارتی ایلچی خدمات انجام دیتے ہوئے سرکاری دستاویزات تک رسائی کا ناجائز استعمال کیا گیا۔

یاد رہے کہ پرنس اینڈریو ماضی میں بھی جیفری ایپسٹین سے تعلقات کے باعث تنازعات کا سامنا کر چکے ہیں اور انہوں نے کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہونے کی تردید کی تھی۔

دوسری جانب برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم نے بیان میں کہا ہے کہ معاملہ تشویش کا باعث ہے اور قانون کو اپنا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ شاہی محل کی جانب سے بھی پولیس تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

یہ پیش رفت برطانوی شاہی خاندان کے کسی سینئر رکن کی اس نوعیت کی غیر معمولی قانونی کارروائی تصور کی جا رہی ہے۔