اسلام آباد میں دفتر خارجہ نے افغان سفارت خانے کے ناظم الامور کو طلب کرکے 16 فروری کو باجوڑ میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر سخت احتجاج ریکارڈ کرایا اور باضابطہ احتجاجی مراسلہ حوالے کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق باجوڑ میں چیک پوسٹ پر خودکش حملے اور فائرنگ کے واقعے میں 11 پاکستانی فوجی جوان شہید ہوئے۔ حملے کی ذمہ داری فتنہ الخوارج سے وابستہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی۔
وزارت خارجہ نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ تحریک طالبان پاکستان کی قیادت افغانستان میں موجود ہے اور افغان سرزمین سے بلا روک ٹوک سرگرم عمل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو افغان عبوری حکومت کی متعدد یقین دہانیوں کے باوجود کوئی ٹھوس اور قابل تصدیق اقدام دکھائی نہیں دیا۔
دفتر خارجہ نے افغان عبوری حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین سے سرگرم تمام دہشت گرد گروہوں اور ان کی قیادت کے خلاف فوری، مؤثر اور قابل تصدیق اقدامات یقینی بنائے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان اپنے شہریوں، فوجیوں اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

