خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 18 اور 19 فروری کی درمیانی شب ضلع لکی مروت میں اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر ہدف کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
ادارے کے مطابق کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک افراد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ عناصر علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کے بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں مزید ممکنہ خطرات کے خاتمے کے لیے کلیئرنس کارروائی جاری ہے اور سکیورٹی فورسز عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب آصف علی زرداری نے کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کو سراہا۔
شہباز شریف نے بھی فورسز کی کارکردگی کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

