عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی 6/6 اور عینک سے 70 فیصد دکھائی دیتا ہے، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے عمران خان کی بینائی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حقائق کے برعکس جلد بازی میں اطلاعات شائع کی گئیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف نے بتایا کہ ان کی ایک آنکھ کی بینائی میں نمایاں کمی ہوئی تھی، تاہم بحالی کا عمل جاری ہے۔

وزیر قانون کے مطابق عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی 6/6 ہے جو ان کے بقول اس عمر میں غیر معمولی بات ہے، جبکہ دوسری آنکھ کی بینائی تقریباً 70 فیصد تک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بینائی کے حوالے سے کئی افواہیں بغیر تصدیق کے پھیلائی گئیں، اس لیے عوام کو چاہیے کہ غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں اور سرکاری وضاحت کا انتظار کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ صحت سے متعلق صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور پیش رفت سے متعلق آگاہ کیا جاتا رہے گا۔