امریکا کی اولین ترجیح ایران کو جوہری ہتھیاروں سے روکنا ہے، نائب صدر جے ڈی وینس

واشنگٹن: جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا کی اولین ترجیح یہ ہے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہوں، اور اسی مقصد کے تحت جاری مذاکرات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

ایک بیان میں نائب امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور بعض پہلوؤں سے تعمیری رہا ہے۔ ان کے مطابق بات چیت مجموعی طور پر مثبت سمت میں آگے بڑھی، تاہم ایران ابھی تک صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقرر کردہ بعض ریڈ لائنز پر بات کرنے کیلئے تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کو جوہری صلاحیت حاصل کرنے سے روکنے کیلئے پُرعزم ہے اور سفارتی کوششیں جاری رہیں گی، تاہم صدر کے پاس یہ اختیار موجود ہے کہ وہ کسی بھی وقت یہ فیصلہ کرسکتے ہیں کہ سفارتکاری اپنی حد تک پہنچ چکی ہے۔

جے ڈی وینس نے امید ظاہر کی کہ معاملات اس مرحلے تک نہیں پہنچیں گے اور اختلافات مذاکرات کے ذریعے حل کر لیے جائیں گے، تاہم انہوں نے ریڈ لائنز کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔