پارلیمنٹ میں اپوزیشن کا دھرنا ختم، راجہ ناصر عباس کا عمران خان کے ذاتی معالجین سے ملاقات کا مطالبہ

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے پارلیمنٹ ہاؤس میں جاری احتجاجی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی نے عمران خان کی صحت کے معاملے پر احتجاج کیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ ان کے ذاتی معالجین کو معائنے کی اجازت دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ صحت کے معاملے کو عدالت میں بھی اٹھایا گیا اور یہی مؤقف اختیار کیا گیا کہ ذاتی ڈاکٹرز تک رسائی دی جائے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ احتجاج کے دوران پارلیمنٹ کو محدود کر دیا گیا تھا اور باہر جانے کی کوشش پر راستے بند کر دیے گئے، جبکہ متعدد پابندیاں بھی عائد کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ سے متعلق اطلاعات سامنے آنے پر محمود خان اچکزئی نے بھوک ہڑتال کی تجویز دی تھی، تاہم احتجاج کا مقصد صرف طبی رسائی کو یقینی بنانا تھا۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ اہل خانہ کے جذبات کا احترام کیا جانا چاہیے اور ملاقات کی اجازت دی جانی چاہیے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ عمران خان کی بینائی میں بہتری آئے گی اور انہیں علاج کیلئے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے۔