سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ نے اٹلی کو شکست دے کر سپر ایٹ میں جگہ بنالی

آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ کے 29ویں میچ میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے دلچسپ مقابلے کے بعد اٹلی کرکٹ ٹیم کو 24 رنز سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

یہ مقابلہ ایڈن گارڈنز میں کھیلا گیا جہاں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے۔

ٹیم کی جانب سے ول جیکس 53 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ٹام بینٹن نے 30، فل سالٹ نے 28 اور سیم کرن نے 25 رنز اسکور کیے۔

اٹلی کی جانب سے گرانٹ اسٹیورٹ اور کرشن کالوگماگے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

203 رنز کے تعاقب میں اٹلی نے بھرپور مزاحمت کی تاہم پوری ٹیم آخری اوور کی آخری گیند پر 178 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

اٹلی کی جانب سے بین مینینٹی نے 60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ گرانٹ اسٹیورٹ نے 45 اور جسٹن موسکا نے 43 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمی اوورٹن اور سیم کرن نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ جوفرا آرچر نے دو اور عادل رشید نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ گیا۔