ٹی20 ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ ڈی کے میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

چنئی میں کھیلے گئے میچ میں افغان کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ صدیق اللہ اتل 29 اور رحمان اللہ گرباز 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ درویش رسولی نے 20 رنز بنائے جبکہ محمد نبی 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فرگوسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ میٹ ہینری، جیکب ڈفی اور راچن رویندرا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کا آغاز محتاط انداز میں ہوا تاہم ٹم سیفرٹ نے 65 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔

گلین فلپس نے 42 اور مارک چیپمین نے 28 رنز کا اضافہ کیا، جبکہ ڈیرل مچل 25 اور کپتان مچل سینٹنر 17 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کو 18ویں اوور میں فتح سے ہمکنار کیا۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے 2 جبکہ عظمت اللہ عمرزئی، راشد خان اور محمد نبی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ ایونٹ میں 20 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے اور پہلے روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے گروپ اے میں اپنے ابتدائی مقابلے میں نیدرلینڈز کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔