ٹی20 ورلڈکپ: سوریا کمار کی شاندار بیٹنگ، بھارت نے امریکا کو شکست دے دی

ممبئی: آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ کے گروپ اے کے میچ میں بھارت نے یو ایس اے کو 29 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں کامیابی حاصل کرلی۔

وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں امریکا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز اسکور کیے۔

بھارتی بیٹنگ کا آغاز مشکلات سے دوچار رہا اور پاور پلے میں ہی ایشان کشن 20، ابھیشیک شرما صفر، تلک ورما 25 اور شیوم دوبے صفر پر آؤٹ ہوگئے جبکہ بعد ازاں رنکو سنگھ 6 اور ہاردک پانڈیا 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

تاہم کپتان سوریا کمار یادیو نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 49 گیندوں پر ناقابل شکست 84 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو قابل دفاع اسکور تک پہنچایا۔

امریکا کی جانب سے شیڈلے وین نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

162 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امریکی ٹیم بھارتی بولرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکی اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز تک محدود رہی۔

سنجے کرشنامورتی اور شبھم رنجانے 37، 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ملند کمار نے 34 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے محمد سراج نے تین جبکہ ارشدیپ سنگھ اور اکشر پٹیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ یوں بھارت نے 29 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔