کولمبو میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈز کو تین وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر لیا، جہاں فہیم اشرف کی دھواں دھار اننگز جیت کا سبب بنی۔
پاکستان نے 148 رنز کا ہدف 19.3 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے کیا مگر صائم 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، کپتان سلمان علی آغا 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ فرحان 46 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
عثمان خان صفر، بابر اعظم 15، محمد نواز 6 اور شاداب خان 8 رنز بنا سکے، جس کے بعد ٹیم دباؤ کا شکار ہو گئی۔
ایسے میں فہیم اشرف نے 11 گیندوں پر تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 29 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا جبکہ شاہین آفریدی بھی ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر نیدرلینڈز کو بیٹنگ کی دعوت دی اور ڈچ ٹیم 147 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
نیدرلینڈز کی جانب سے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ باس ڈی لیڈے 30، مائیکل لیوٹ 24 اور کولن ایکرمین 20 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی بولنگ میں سلمان مرزا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد نواز، ابرار احمد اور صائم ایوب نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں اور شاہین آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

