آئی سی سی ٹی20 رینکنگ جاری، صائم ایوب نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل تازہ پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں پاکستان کے صائم ایوب نے شاندار کارکردگی کی بدولت ایک بار پھر ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

آئی سی سی کے مطابق صائم ایوب 290 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ زمبابوے کے سکندر رضا ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے، بھارت کے ہاردک پانڈیا تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔

پاکستان کے محمد نواز ایک درجہ بہتری کے بعد آل راؤنڈرز میں چوتھے نمبر پر آ گئے جبکہ شاداب خان نمایاں بہتری کے بعد 26 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔

ٹی20 بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے ابھیشیک شرما بدستور پہلے نمبر پر ہیں، انگلینڈ کے فل سالٹ دوسرے جبکہ جوز بٹلر ایک درجہ ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

پاکستانی بیٹرز میں صاحبزادہ فرحان دو درجے تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر آ گئے، صائم ایوب آٹھ درجے ترقی کے بعد 28 ویں نمبر پر پہنچ گئے، کپتان سلمان علی آغا نے 12 درجے چھلانگ لگا کر 29 ویں پوزیشن حاصل کر لی جبکہ بابراعظم تین درجے تنزلی کے بعد 34 ویں نمبر پر چلے گئے، فخر زمان پانچ درجے تنزلی کے بعد 74 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

ٹی20 بولرز رینکنگ میں بھارت کے ورون چکرورتی پہلے نمبر پر ہیں، پاکستان کے ابرار احمد دو درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے اور افغانستان کے راشد خان تیسرے نمبر پر چلے گئے، محمد نواز آٹھ درجے بہتری کے بعد ساتویں اور شاہین شاہ آفریدی پانچ درجے ترقی کے بعد 19 ویں نمبر پر آ گئے جبکہ شاداب خان 33 درجے بہتری کے بعد 72 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔