پی ایس ایل: ملتان سلطانز کی ملکیت کے لیے پانچ بڈرز میدان میں

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کی نیلامی کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔

پی ایس ایل حکام کے مطابق ملتان سلطانز کی فرنچائز کی نیلامی 9 فروری کو لاہور میں منعقد ہوگی، جس میں فرنچائز کی ملکیت کے حقوق کے لیے پانچ بڈرز حصہ لیں گے۔ ان بڈرز کا انتخاب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی بڈ کمیٹی نے مقررہ معیار کے تحت کیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق مقررہ وقت کے اندر مجموعی طور پر چھ پروپوزلز موصول ہوئے تھے، جن کی تفصیلی اور شفاف جانچ پڑتال کے بعد پانچ بڈرز کو تکنیکی طور پر اہل قرار دیا گیا۔

اہل قرار پانے والے بڈرز میں علی ترین بھی شامل ہیں جو ایک بار پھر ملتان سلطانز کی ملکیت حاصل کرنے کے لیے میدان میں اترے ہیں، جبکہ والی ٹیک اور ایم نیکسٹ اینک جیسی کمپنیاں بھی نیلامی میں شریک ہوں گی جو اس سے قبل دیگر فرنچائزز کی نیلامی میں حصہ لے چکی ہیں۔

اس کے علاوہ سی ڈی وینچر اور پارٹیکل ایگنائٹ پہلی مرتبہ پی ایس ایل نیلامی میں شامل ہو رہی ہیں، جس سے مقابلہ مزید سخت ہونے کا امکان ہے۔

پی ایس ایل حکام کے مطابق نیلامی کا عمل مکمل طور پر شفاف ہوگا اور اس کے نتیجے میں ملتان سلطانز کی آئندہ ملکیت اور انتظامی سمت کا فیصلہ سامنے آئے گا۔