پی ایس ایل 11: پشاور زلمی کا بابر اعظم کو ریٹین کرنے کا فیصلہ، صائم ایوب ریلیز

اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن سے قبل کھلاڑیوں کی ریٹینشن کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے، جہاں پشاور زلمی نے اپنے کپتان بابر اعظم کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ اوپننگ بلے باز صائم ایوب کو ریلیز کرنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق بابر اعظم اور صائم ایوب دونوں پشاور زلمی کی پلاٹینم کیٹیگری میں شامل ہیں، تاہم پی ایس ایل قوانین کے تحت ہر فرنچائز ایک کیٹیگری میں صرف ایک کھلاڑی کو ریٹین کرسکتی ہے۔

اسی قانون کے باعث پشاور زلمی نے بابر اعظم کو ترجیح دیتے ہوئے صائم ایوب کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صائم ایوب اب پی ایس ایل پلیئرز آکشن میں تمام فرنچائزز کے لیے دستیاب ہوں گے اور ہر ٹیم انہیں اپنی اسکواڈ میں شامل کرنے کے لیے بولی لگا سکے گی۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 کے لیے تمام فرنچائزز آج اپنے ریٹین کیے گئے کھلاڑیوں کی فہرست حتمی شکل دیں گی، جس کے بعد پلیئرز آکشن کے مراحل کا باضابطہ آغاز ہوگا۔