پاکستان نے دوسرے ٹی20 میں آسٹریلیا کو 90 رنز سے ہرا کر سیریز جیت لی

لاہور: پاکستان نے تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا کو 90 رنز سے شکست دے کر 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز اسکور کیے، جس میں کپتان سلمان علی آغا کی 40 گیندوں پر شاندار 76 رنز کی اننگز نمایاں رہی، جبکہ عثمان خان نے 36 گیندوں پر 53 رنز بنائے۔ شاداب خان 28 اور محمد نواز 9 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

199 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم پاکستانی اسپن بولرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور 15.4 اوورز میں 108 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے کیمرون گرین 35 اور میتھیو شارٹ 27 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی طرف سے ابرار احمد اور شاداب خان نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، عثمان طارق نے 2 جبکہ صائم ایوب اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس فتح کے ساتھ پاکستان نے سات سال بعد آسٹریلیا کے خلاف ٹی20 سیریز اپنے نام کر لی۔