نیوزی لینڈ کی بھارت کے خلاف 50 رنز سے شاندار فتح

ویشاکھاپٹنم: نیوزی لینڈ نے بھارت کے خلاف چوتھے ٹی20 انٹرنیشنل میں عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 50 رنز سے شکست دے دی۔

نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے۔

ٹم سیفرٹ نے جارحانہ انداز میں 62 رنز اسکور کیے جبکہ ڈیون کونوے نے 44 رنز کی قیمتی اننگز کھیلی۔

آخری اوورز میں ڈیرل مچل نے ناقابلِ شکست 39 رنز بنا کر مجموعی اسکور کو مضبوط کیا۔

بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ اور کلدیپ یادیو نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں تاہم مجموعی طور پر بھارتی بولرز مہنگے ثابت ہوئے۔

216 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ دباؤ کا شکار رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔

شیوم دوبے نے 23 گیندوں پر 65 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر مزاحمت کی جبکہ رنکو سنگھ 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، مگر دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایش سودھی اور جیکب ڈفی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، یوں بھارتی ٹیم 18.4 اوورز میں 165 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔