لاہور: پاکستان ٹی20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں جب پریس کانفرنس میں آئیں تو بابر اعظم کے بارے میں سوال نہ ہوں اور انہیں بیٹنگ کرنے دیا جائے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کے علاوہ بھی ٹیم میں کئی کھلاڑی موجود ہیں، میڈیا کو چاہیے کہ باقی کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر بھی بات کرے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بابر اعظم اپنا کردار بخوبی نبھا رہے ہیں اور بگ بیش لیگ میں ان کی کارکردگی سے ٹیم مینجمنٹ کو کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ وہ اس وقت اچھی بیٹنگ کر رہے ہیں۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی20 سیریز پاکستان کے لیے نہایت اہم ہے اور ورلڈ کپ کی تیاری میں مددگار ثابت ہوگی۔
ان کے مطابق ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے رولز واضح ہیں اور ہر کسی کو معلوم ہے کہ اس سے کیا توقع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کنڈیشنز اجازت دیتی ہیں وہاں ٹیم جارحانہ کرکٹ کھیلتی ہے اور ہائی پریشر میچز میں تجربہ کار کھلاڑی بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ٹی20 کرکٹ میں کوئی ٹیم چھوٹی یا بڑی نہیں ہوتی اور پاکستان میں اکثر جیتنے پر مخالف ٹیم کو کمزور قرار دے دیا جاتا ہے، جو درست نہیں۔
انہوں نے شائقین سے اپیل کی کہ قذافی اسٹیڈیم آئیں اور ٹیم کو سپورٹ کریں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی20 سیریز کا آغاز کل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو رہا ہے، جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ بالترتیب 31 جنوری اور یکم فروری کو کھیلا جائے گا، تمام میچز شام 4 بجے شروع ہوں گے۔

