انڈر 19 ورلڈکپ سپر سکس: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کے سپر سکس مرحلے میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ہرارے میں کھیلے گئے اہم میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو کامیاب ثابت ہوا، اور نیوزی لینڈ کی ٹیم صرف 110 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کیویز کی جانب سے ہیوگو بوگ 39 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے۔

پاکستان کی بولنگ میں عبدالسبحان نے 4 اور علی رضا نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد صیام اور مومن قمر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے 111 رنز کے ہدف کو با آسانی 18ویں اوور میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

سمیر منہاس نے شاندار 76 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں، جس میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

کپتان فرحان یوسف 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ عثمان خان 15 اور حمزہ ظہور 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس فتح کے بعد پاکستان کی سپر سکس مرحلے میں پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی ہے اور ٹیم سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اپنے اگلے میچ میں بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔