اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی شرکت کے معاملے پر اہم ملاقات ہوئی، جس میں تمام آپشنز کھلے رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران محسن نقوی نے وزیراعظم کو آئی سی سی سے متعلق مجموعی صورتحال، مبینہ دوہرے معیار اور خطے میں حالیہ پیش رفت پر بریفنگ دی، جبکہ وزیراعظم نے معاملہ دانشمندانہ انداز میں حل کرنے کی ہدایت کی۔
ملاقات کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت کا حتمی فیصلہ جمعے یا پیر تک متوقع ہے۔ ان کے مطابق وزیراعظم کو آئی سی سی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور وزیراعظم نے تمام ممکنہ آپشنز کو سامنے رکھتے ہوئے مسئلہ سلجھانے کی ہدایت کی۔
ذرائع کے مطابق، ملاقات میں آئی سی سی کے مبینہ دوہرے معیار پر بھی بات ہوئی۔ محسن نقوی نے مؤقف اختیار کیا کہ آئی سی سی بھارت کے لیے ایک اور دیگر ممالک کے لیے الگ اصول اپناتا ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ بھارت نے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان آنے سے انکار کیا تو اسے متبادل وینیو فراہم کر دیا گیا، جبکہ سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت نہ جانے والے بنگلہ دیش کو متبادل وینیو دینے کے بجائے ورلڈ کپ سے باہر کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر پاکستان ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرتا تو شمولیت کے عوض ملنے والی خطیر رقم سے محرومی کا سامنا ہوگا، جبکہ بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کی صورت میں زیادہ نقصان بھارت کو ہوگا۔
ملاقات میں احتجاجی آپشنز پر بھی غور کیا گیا جن میں ورلڈ کپ کے بائیکاٹ، بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے، سیاہ پٹیاں باندھ کر کھیلنے اور جیتیں بنگلہ دیشی شائقین کے نام کرنے جیسی تجاویز شامل تھیں۔
ذرائع کے مطابق، پاکستان کی جانب سے حتمی فیصلہ وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں کیا جائے گا، جبکہ چیئرمین پی سی بی دیگر شراکت داروں سے بھی مشاورت کریں گے اور وزارت خارجہ کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔

