ٹی20 ورلڈ کپ: بنگلادیش کی مہلت ختم، اسکاٹ لینڈ کی شمولیت کے امکانات بڑھ گئے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو بھارت میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کی تصدیق کے لیے دی گئی 24 گھنٹے کی مہلت ختم ہو چکی ہے، جس کے بعد ٹورنامنٹ میں کسی متبادل ٹیم کو شامل کیے جانے کے امکانات نمایاں طور پر بڑھ گئے ہیں۔

بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے مقررہ وقت کے اندر اپنی حتمی رضامندی آئی سی سی کو نہیں دی، جبکہ گزشتہ روز بھی بنگلادیش نے بھارت نہ جانے کے فیصلے پر قائم رہنے کا اعلان کیا تھا۔

بنگلادیش کے مشیر کھیل ڈاکٹر آصف نذرل نے کھلاڑیوں سے ملاقات کے بعد واضح کیا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث بنگلادیش ٹیم بھارت نہیں جائے گی، ان کے مطابق آئی سی سی نے بنگلادیش کے تحفظات کو سنجیدگی سے نہیں لیا اور بھارتی حکومت کی جانب سے بھی اعتماد سازی کی کوئی مؤثر کوشش سامنے نہیں آئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، آئی سی سی نے بنگلادیش کو آگاہ کر دیا تھا کہ اگر ٹیم بھارت نہیں بھیجی گئی تو اس کی جگہ کسی اور ٹیم کو شامل کر لیا جائے گا۔

اسی تناظر میں بھارتی میڈیا اور کرکٹ ویب سائٹس کا دعویٰ ہے کہ موجودہ رینکنگ کی بنیاد پر اسکاٹ لینڈ کو ٹی20 ورلڈ کپ میں شامل کیے جانے کا قوی امکان ہے، جبکہ دبئی میں موجود آئی سی سی حکام کسی بھی وقت اس حوالے سے باضابطہ اعلان کر سکتے ہیں۔

بعض بھارتی ذرائع نے تو یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ آئی سی سی نے بنگلادیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور جلد اس کا اعلامیہ جاری کیا جائے گا، تاہم آئی سی سی کی جانب سے اب تک اس کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔