انڈر 19 ورلڈ کپ: پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی فتح حاصل کرلی

انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

زمبابوے کے شہر ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

اسکاٹ لینڈ کی ٹیم 49 اوورز میں 187 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، کپتان تھامس نائٹ نے 37 رنز بنائے جبکہ فنلے جونز 33 اور اولی جونز 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر علی رضا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 37 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مومن قمر نے 46 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے اعتماد کے ساتھ بیٹنگ کی اور 44ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔

عثمان خان نے شاندار 75 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ احمد حسین نے 47 رنز بنا کر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کو ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں انگلینڈ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم اس کامیابی کے بعد قومی ٹیم نے ایونٹ میں مضبوط واپسی کی ہے۔