ٹی20 ورلڈکپ 2026: پاکستان نے بنگلا دیش کی حمایت میں قومی ٹیم کی تیاریاں روک دیں

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2026 کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی تمام تیاریاں روکنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایات پر 7 فروری سے شروع ہونے والی ورلڈکپ تیاریوں کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، جبکہ ٹیم مینجمنٹ سے متبادل حکمت عملی بھی طلب کرلی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ بنگلا دیش کے اس مؤقف کے تناظر میں کیا گیا ہے جس کے تحت اس نے سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر بھارت جا کر ورلڈکپ میچز کھیلنے سے انکار کیا ہے، اور پاکستان نے اس فیصلے پر بنگلا دیش کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرا رکھی ہے۔

پی سی بی کا موقف ہے کہ بنگلا دیش کے سیکیورٹی تحفظات معقول اور درست ہیں، اسی لیے اگر یہ معاملہ حل نہ ہوا تو پاکستان بھی ٹی20 ورلڈکپ میں شرکت کے اپنے فیصلے کا ازسرِنو جائزہ لے سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق، ٹیم مینجمنٹ کو آئندہ کے لائحہ عمل سے بعد میں آگاہ کیا جائے گا، جبکہ ورلڈکپ میں عدم شرکت کی صورت میں متوازی پلان بھی تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔