عالمی کرکٹ کے افق پر نئے ستارے جگمگانے کو تیار، انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کا میلہ آج سے زمبابوے اور نمیبیا میں سج رہا ہے، جہاں 16 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے ایکشن میں نظر آئیں گی۔
اس میگا ایونٹ کی مشترکہ میزبانی زمبابوے اور نمیبیا کر رہے ہیں اور تمام میچز 50 اوورز کے فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ کوئنز اسپورٹس کلب بولاوایو میں بھارت اور امریکا کے درمیان ہوگا، جبکہ دیگر ابتدائی مقابلوں میں زمبابوے اور اسکاٹ لینڈ ہرارے کے تاکاشنگا اسپورٹس کلب میں اور تنزانیہ و ویسٹ انڈیز نمیبیا کے ایچ پی اوول میں آمنے سامنے ہوں گے۔
گروپ مرحلے میں 10 دن کے دوران مجموعی طور پر 24 میچز کھیلے جائیں گے، زمبابوے میں کوئنز اسپورٹس کلب، ہرارے اسپورٹس کلب اور تاکاشنگا اسپورٹس کلب جبکہ نمیبیا میں ونڈہوک کا نمیبیا کرکٹ گراؤنڈ اور ایچ پی اوول میچز کی میزبانی کریں گے۔
گروپ مرحلے کے بعد سپر سکس مرحلہ دونوں ممالک میں ہوگا تاہم سیمی فائنلز اور فائنل مکمل طور پر زمبابوے میں کھیلے جائیں گے، سیمی فائنلز 3 اور 4 فروری جبکہ فائنل 6 فروری کو ہرارے میں ہوگا۔
دفاعی چیمپئن آسٹریلیا ایک بار پھر ٹائٹل اپنے نام کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گا۔
ٹورنامنٹ میں جہاں گزشتہ ایڈیشن کی مضبوط ٹیمیں شامل ہیں وہیں چند حیران کن نام بھی موجود ہیں، تنزانیہ پہلی بار کسی عالمی کرکٹ ایونٹ میں شرکت کر رہا ہے جس نے افریقی کوالیفائرز میں مسلسل پانچ میچز جیت کر نمیبیا، کینیا اور نائیجیریا کو پیچھے چھوڑا۔
جاپان نے ایسٹ ایشیا پیسیفک کوالیفائر جیت کر دوسری بار انڈر 19 ورلڈ کپ میں جگہ بنائی، جبکہ افغانستان، اسکاٹ لینڈ اور امریکا بھی کوالیفائنگ مرحلوں سے گزر کر ایونٹ کا حصہ بنے ہیں۔
ٹورنامنٹ کا اسٹرکچر سادہ مگر دلچسپ ہے، چار گروپس میں چار، چار ٹیمیں شامل ہیں جہاں ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف ایک میچ کھیلے گی، گروپ اے میں آسٹریلیا، آئرلینڈ، جاپان اور سری لنکا جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، بھارت، نیوزی لینڈ اور امریکا شامل ہیں۔

